کنور،10؍مارچ (ایس او نیوز) کنور انٹرنیشنل ایئر پورٹ کسٹم افسران نے تین مسافروں کے قبضے سے 48لاکھ روپے مالیت کا سونا ضبط کیا اور ملزمین کو گرفتار کرلیا۔
پہلے معاملے میں کسٹمز نے شارجہ سے ایئر انڈیا ایکسپریس کے ذریعے کنور پہنچنے والے کوئتوپارمبا کے رہائشی رئیس کی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 560گرام سونا بر آمد کرلیا جو اس نے پیسٹ کی شکل میں اپنے مقعد میں چھپا رکھا تھا۔ ضبط کیے گئے سونے کی قیمت 25 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ اس ضمن میں رئیس کو گرفتار کرکے اس پر کیس درج کردیا گیا ہے۔
اسی ایئر پورٹ پر سونا اسمگلنگ کے دوسرے معاملہ میں کسٹمز نے گوایئر طیارے کے ذریعے شارجہ سے کنور آنے والی ایک ماں اور بیٹی کو گرفتار کر لیا ۔ کسٹمز کے بیان کے مطابق پندرہ سالہ بیٹی نے اپنے اندرونی کپڑوں میں 350 گرام سونا چھپا رکھا تھا جبکہ ماں نے اپنے اندرونی کپڑوں میں 140گرام سونا چھپا رکھا تھا۔ اس کی مجموعی مالیت 22 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔